اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نےپارٹی رہنماؤں کااجلاس طلب کر لیا، جس میں وزیراعظم دورہ سعودی عرب،اقتصادی پیکج پر اعتمادمیں لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپسی پرپارٹی رہنماؤں کااجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں پارٹی رہنما اور ترجمان شرکت کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم دورہ سعودی عرب،اقتصادی پیکج پراعتمادمیں لیں گے اور پارٹی ترجمانوں کو کامیاب دورہ کے ثمرات اجاگر کرنے کیلئے ہدایات دی جائیں گی۔
وزیر اعظم کے قوم سے خطاب یا ویڈیو پیغام جاری کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکج دے کر پی ٹی آئی حکومت اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے بارہ ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔
جس کے مطابق پاکستان کو تین ارب ڈالر ایڈونس دئیے جائیں گے ، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا، بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالرپاکستان کے اکاؤنٹ میں بھی رکھے جائیں گے۔
معاہدے پر وزیرخزانہ اسدعمر اور سعودی وزیرخزانہ عبدالجدان نے دستخط کیے۔
وزیر اعظم کے کامیاب دورے میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ معدنی ذخائر کے شعبے کی ترقی کے لیے سعودی عرب کا وفد جلد پاکستان آئے گا جبکہ ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانیوں کیلئے ویزا فیس کم کرنے کیلئے انھیں قائل کرلیا ہے۔
سعودی عرب پاکستان میں آئل ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہے، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد سعودی عرب سے آئل ریفائنری کا معاہدہ ہوگا۔